Ticker

6/recent/ticker-posts

پارٹ 1:کنفکشنری / انگریزی مٹھائیاں بنانے کے راز / کانفکشنری کا کاروبار اور اس کا سکوپ

 

کنفکشنری

پارٹ 1:کنفکشنری / انگریزی مٹھائیاں  بنانے کے راز / کانفکشنری کا کاروبار  اور  اس کا سکوپ

والیم نمبر1

یعنی

انگریزی مٹھائیاں

بنانے کے راز

ہر قسم کی انگریزی مٹھائیاں مثلاً مٹھائی  کی کھٹی میٹھی گولیاں ،نورنجز،چاکلیٹ،ٹافی،چائنا بال،لالی پپ،میٹھے سگرٹ،مائی بڈھی کا جھاٹا،کھانڈ کے کھلونے ،کھوئے کے کھلونے ،سائن مال پیپر منٹ کی ٹکیاں،کھانڈ چڑھے بادام و سونف وغیرہ بنانے کے آسان و آزمودہ طریقے اور اس کو فروخت کرنے ،کامیاب بنان کے راز تفصیل سے درج ہیں۔


کانفکشنری کا کاروبار

اور

اس کا سکوپ

کنفکشنری کا آغاز انسان کی پیدائش کے ساتھ ہی کہا جاسکتاہے۔جب انسان نے اپنا پیٹ پالنے کے لیے کھیتی باڑی کا آغاز کیا اور خوشحال بن کر زبان کی لذت کے لیے لذیذ کھانے بنانے شروع کیے تب سے ہی مختلف اقسام کی مٹھائیاں بننی شروع ہوئیں ۔ہر انسان کو لذیذ اشیاء کھانے کا شوق ہے۔اسی شوق نے کنفکشنری کے کام کو ترقی دی اور انسان جوں جوں آسودہ حال ہوتا گیا  اپنی زبان و لذت کے شوق کو پورا کرنے کے لیے مختلف زمانہ اور مختلف ممالک میں مختلف اقسام کی مٹھائیاں بناتا چلا گیا۔

کنفکشنری کا لفظی معنی مٹھائی ہے۔دیسی ،انگریزی سب قسم کی مٹھائیاں اور لذیذ کھانے جو کئی دن تک رکھے جا سکتے ہوں ۔سب کنفکشنری میں شامل ہیں۔مگر اس کتاب میں صرف ایسی مٹھائیاں بنانے کا ذکر کیا گیا ہے جن کا استعمال یورپ و امریکہ میں کثرت سے کیا جاتا ہے۔جو عرصہ تک محفوظ رکھی جاسکتی ہیں اور جن کو بچے ،جوان ،بڑے  شوق سے کھاتے ہیں۔

کھانے کی اشیاء سے جتنی دولت کمائی جاسکتی ہے شاید کسی دوسرے  تجارت یا کاروبار سے پیدا کی جاسکتی ہیں۔کھانے کا شوق نہ کبھی ختم ہوا اور نہ ہو گا۔ہر ایک انسان مٹھائی یا کوئی لذیذ چیز کھانا کھا کر چند منٹ بعد یا ایک بار کھانے کے بعد دوبارہ ،سہ بارہ اسی چیز کو کھانے کی خواہش کرتا ہے اور جب تک وہ زندہ رہتا ہے باربار ان اشیاء کو کھاتا چلا جاتاہے۔

تعلیم یافتہ انسان کسی کتاب کو ایک بار خریدتا ہے اور عمر بھر پھر اس  کو دوبارہ خریدنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔مگر لذیذ مٹھائیاں و خوش ذائقہ اشیاء کھانے کا شوق کبھی کم نہیں ہوتا۔دنیائے لوگ سب سے زیادہ اخراجات کھانے  کی اشیاء پر کرتے ہیں۔اس کے بعد پہننے کا درجہ آتا ہے۔

مٹھائی کی ٹکیاں ،لیمن ڈراپس،ٹافی وغیرہ اشیاء کھانے کا شوق روز بروز بڑھ رہا ہے۔ملک میں تعلیم اور آسودہ حالی کے بڑھنے کے ساتھ  اس قسم کی مٹھائیاں کھانے کا شوق بھی بڑھ گیا ہے۔اس لیے اس کام کا سکوپ بھی روز بروز بڑھتا جارہا ہے۔

یہ کام کسی بھی چھوٹے گاؤن ،قصبہ،شہر یا آبادی میں معمولی یا وسیع سرمایہ سے جاری کیا جاسکتا ہے۔پاکستان جہاں کلفٹن،بی پی،جے پی ،اور دیگر بڑی بڑی کمپنیاں کنفکشنری کا کاروبار کرتی ہیں وہاں چھوٹی چھوٹی اور معمولی سرمیایہ سے کام کرنے والے بہت سے کار خانے ہیں ۔یہ کارخانے معمولی سرمایہ اور چھوٹی چھوٹی دستی مشینوں اور سانچوں کی مدد سے تھوڑا تھوڑا سرمایہ لگا کر ہزاروں نوجوانوں کی روزی کا سبب بنے ہوئے ہے۔اور یہ کام گھریلو صنعت کے طور پر بھی کئی ایک خاندانوں کے پیٹ پالنے کا ذریعہ ہے۔گویا آپ اس کام کو چند سانچوں ،ارزاں مشینوں اور تھوڑے سرمایہ سے شروع کر کے آہستہ آہستہ اسے وسیع سے وسیع تر کرسکتے ہیں۔

ان اشیاء کو فروخت کرنے میں خاص دقت پیش نہیں آتی آپ اپنے شہر ،قصبے کے بچوں کو براہ راست یا دکانداروں کے ذریعہ یہ اشیاء فروخت کر سکتے ہیں۔اگر آپ اپنے شہر و قصبہ کی ضروریات سے زیادہ مال تیار کر سکتے ہیں تو خود دورہ کر کے یا ایجنٹوں کو بھیج کر مختلف قصبوں ،شہروں ،صوبوں میں اپنا مال فروخت کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ ہم اچھا اور زیادہ مال تیار کر کے اپنے پڑوسی ملک ہندوستان ،افغانستان،ایران،برما،انڈونیشیا،ایسٹ افریقہ،نیپال،دوہا،قطر وغیرہ کو اس قسم کی مٹھائیاں برآمد کر سکتے ہیں۔

غرضیکہ صاحب ہمت و عقل انسان کے لیے مال فروخت کرنااور کاروبار کو ترقی دینا مشکل نہیں۔اس کتاب میں مختلف اشیاء  بنانے اور ان کو فروخت کرنے کے راز  بلا بخل پوری تشریح سے لکھ دیے گئے ہیں۔

منصف اور پبلشر کی دلی خواہش ہے کہ ہمارا ملک یورپ اور امریکہ کی طرح صنعت و تجارت کے میدان میں خوشحال ہو اور ہمارا تعلیم یافتہ طبقہ جو ملازمت کے چکروں میں پھنسنے کے لیے مارا مارا پھرتا ہے۔نئے نئے ہنر سیکھ کر آزادانہ طور پر اپنے آپ کو اور اپنے ملک کو خوشحال بنائے۔

اس خواہش کے پیش نظریہ اور اسی قسم کی دوسری کتابیں ترتیب دی او ر طبع کرائی جارہی ہیں اور جن کو نہایت ارزاں  داموں پر فروخت کیا جا رہا ہے۔

کام کرنے والوں کے لے ضروری ہدایات

اب ہم ایسی باتوں کا ذکر کرتے ہیں کہ جن کو جاننا کنفکشنری کے کام کرنے والے ہر نئے انسان کے لیے ضروری ہے چاہے وہ چھوٹے پیمانے پر کاروبار یا بڑے پیمانہ پر ۔

کھانے کی اشیاء تیار کرنے کے کام میں جتنی صفائی ہوگی صحت کے نقطہ نگاہ سے اتنا ہی بہتر ہوگا۔یورپ اور امریکہ میں اس نقطہ نگاہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے کھانے کی تمام اشیاء کو ہاتھوں سے بالکل نہیں چھو اجاتا ۔اس کام میں زیادہ سے زیاد ہ صفائی کی ضرورت ہے۔کام کرنے والوں کے ہاتھ جسم اور کپڑے صاف ستھرے ہوں ۔برتن مشین ،سانچے ،کڑاہیاں ،اور تمام سامان اچھی طرح سے صاف کر لیے جائیں ۔کام ختم کر چکنے کے بعد برتنوں کو گرم پانی سے اچھی طرح دھو کر صاف کر لیا جائے اور خشک کر کے رکھا جائے گا۔ورنہ رات کو کیڑے مکوڑے  اور دوسرے جانور ان کو چمٹ جائیں اور غلاظت کی وجہ سے بد بو پھیلے گی۔مشینوں کے جو پرزے کھولے جاسکیں کام کرنے کے بعد کھول کر گرم پانی سے دھو کر اور اچھی طرح گیلے کپڑے سے پونچھ کر خشک کر کے اور تیل چپڑ کر اپنی جگہ فٹ کردیئے جائیں تاکہ ان پر کیڑے مکوڑے نہ چڑھیں اور گیلے ہونے کے سبب زنگ وغیرہ لگنے کا اندیشہ بھی نہ رہے۔جن کمروں میں کام کیا جائے  وہ سیمنٹ سے اچھی طرح پختہ ہوں ۔کھانڈ کی وجہ سے رات کے وقت کمر ے میں کیڑے مکوڑے اور جانور آجاتے ہیں ۔کام ختم کرنے پر ہر روز فرش کو فینائل ملے پانی سے اچھی طرح دھو کر صاف کر لیا جائے ۔کام کرنے کے کمروں کی دیواریں زمیں سے دو فٹ بلندی تک سیمنٹ سے پلستر کی گئی ہوں۔تاکہ ان کو اچھی طرح دھویا جاسکے ۔

کھانڈ کی چاشنی اور ایسنسوں  کی خوشبو کے سبب کام کرنے کے کمروں میں مکھیاں اور دوسرے جانور گھس آتے ہیں اس لیے اگر ممکن ہو او ر سرمایہ اجازت دے تو دروازوں پر جالی کے دروازے بھی لگا دیئے جائیں تاکہ مکھیاں اندر نہ آسکیں۔

مٹھائیاں خشک کرنے کے لیے ایسی جگہ میزیں یا اڈے بنائے جائیں جہاں  وہ جلد از جلد خشک ہو سکیں۔مگر جہاں زور کی ہو ا چلنے کے سبب گرد وغیرہ مٹھائیوں پر پڑنے کا اندیشہ ہو  وہاں کام نہ کریں۔کارخانہ کے نزدیک کوئی اصطبل وغیرہ بھی نہیں ہونا چاہیے۔ کیونکہ مویشیوں کے گوبر اور لید وغیرہ  کی بد بو کا اثر ایسنسوں اور چاشنی میں گھس آتا ہے۔ایسی مٹھائیاں مضر صحت ہونے کے علاوہ بد ذائقہ بھی ہو جاتی ہیں۔

خشک شدہ مال کو پیک کرنے میں بھی احتیاط سے کام لیں۔مال کو ڈبوں میں بند کرتے وقت  ڈبوں میں معمولی سا فرنچ چاک بکھیرنا مناسب ہے۔تاکہ زیادہ مدت تک رکھے رہنے اور رطوبت کے سبب گولیاں وغیرہ ایک دوسرے سے چپک نہ جائیں۔تیار شدہ مال جس جگہ رکھنا ہو اس جگہ یا گودام میں سہیلن وغیرہ نہیں ہونی چاہیے۔ورنہ مال خراب ہو جائے گا۔

پردہ کی ضرورت

ہر تجارت اور کاروبار میں پردہ ہوتاہے۔معمولی سے راز اور چھوٹی سی بات جان لینے سے حریف بازی لے جاتا ہے۔اس لیے اپنی تمام کاروباری باتیں اور کام کرنے کے طریقے و نسخے پوشیدہ رکھیں۔آپ جن کاروباری رسائل اور کتابوں کا مطالعہ کر رہے ہیں۔جن ترکیبوں اور طریقوں سے اشیاء بنا رہے ہیں۔جہاں سے تھوک مال منگوا رہے ہیں یہ سب کاروباری راز ہیں۔ان رازوں کو کسی شخص سے یا اپنے ہم پیشہ حضرات کو بالکل نہ بتائیں۔کارخانہ اور کام کرنے کے کمرےایسی جگہ پر بنائے گئے ہوں جہاں خریدار یا نئے حضرات  بلا اجازت اندر جا کر آپ کے کاریگروں کو کام کرتا ہوا نہ دیکھ سکیں۔اپنے کار خانہ میں صرف ایسے ملازم رکھیں جو قابل اعتبار ہوں ۔مالک کے وفادارہوں۔تمام ملازموں کو نگاہ میں رکھیں چالاک ملازم آپ کے ہم پیشہ حضرات کو آپ کے کارخانے کے راز ،کام کرنے کے طریقے اور آپ کی بہت ساری کمزوریاں  زیادہ تنخواہ یا اور کسی لالچ میں آ کر بتلاسکتے ہیں اور اس طرح آپ کا کاروبار فیل ہو سکتا ہے۔اسلیے آپ تمام کام پوشیدگی سے کریں اور پردہ سے کرائیں۔

اگر آپ کے قصبہ یا شہر میں ایسا کوئی اور کار خانہ نہیں ہےاور آپ کا مال یہاں فروخت ہوتاہے تو آپ کو اور بھی ہوشیاری کی ضرورت ہے۔راز کا انکشاف ہو جانے پر کئی دوسرے حضرات کنفکشنری کا کارخانہ کھول سکتےہیں۔جس سے آپ کا منافع گر جائے گا۔آپ کی مارکیٹ تنگ ہو جائے گی۔آپ کے خریداروں کو دوسرے دوسرے کارخانہ دار مائل کر لیں گے۔جب تک آپ اپنے رازوں کو پوشیدہ رکھیں گےآپ اچھے پیمانہ پر کاروبار کر سکیں گے۔مقابلہ ہو جانے پر منافع کم ہو جاتا ہے۔اور مارکیٹ میں کساد بازاری آ جاتی ہے۔اور مال پر لیبر زیادہ پڑتی ہے۔

کوالٹی

اگر آپ اس کاروبار یا دنیا کے کسی بھی کاروبار میں ترقی  چاہتے ہیں تو اس بات کو گرہ دے لیں کہ آپ کے مال کی کوالٹی عمدہ ہونی چاہیے ۔

گھٹیا اور ارزان کوالٹی کا مال تیار کرتے رہنے سے آپ عمر بھر صر ف پیٹ ہی بھر سکتے ہیں ۔گو دنیا میں ایسے حضرات کمی نہیں جو کہ سستی چیز خریدتے ہیں خواہ ان میں لذت ہو یا نہ ہو ۔

اس طرح کنفکشنری کے سینکڑوں کارخانے ارزاں اور گھٹیا مال تیار کرتے ہیں مگر زیادہ ہوشیار اور عقل مند کارخانہ دار اچھا مال تیار کر کے ایسے لوگوں کے متلاشی ہوتے ہیں جو ایسے مال کے قدر دان ہوں ۔اور جو بہترین قسم کا مال خریدنا پسند کرتے ہیں ۔یاد رکھیں آپ امیروں میں اپنی اشیاء فروخت کر کے امیر بن سکتے ہیں اور امیر ایسی ہی چیز خریدیں گے جو ان کے معیار پر پوری ہو۔سستی اور بے ذائقہ کنفکشنری صرف روٹی  دے سکتی ہے۔باقی ضروریات پوری نہیں کر سکتی۔ولائیت کے تمام بڑے بڑے کارخانے اسی اصول کو سامنے رکھ کر اعلیٰ اور قیمتی اشیاء کی آمیزش سے لذیذ خوشنما اور عمدہ کوالٹی کا مال تیار کرتے ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ اکثر کارخانہ داروں کو تمام دنیا کی مارکیٹ میسر ہے۔

مال اچھا تیار کریں اور اس کو فروخت کرنے کے لیے نئے نئے طریقوں سے قدر دانوں کی تلاش کر کے ان کو فروخت کریں۔چند سال میں آپ بڑے کارخانہ دار بن سکتےہیں۔

آپ  گھٹیا مال تیار کریں تو تمام عمر کباڑیوں کی طرح رہیں گے ۔بہترین کوالٹی کا مال تیار کریں اور نکتہ چین طرح اپنی اشیاء کا امتحان کریں۔شہر کے خوشحال لوگوں کو اپنی اشیاء کے نمونے دکھائیں اور ان سے ایمان داری کے ساتھ یہ رائے لیں کہ ولائیتی کے مقابلے میں اس کے اندر کیا کیا خامی رہے گئی ہے۔

اپنے مال کے رنگ بناوٹ اور پیکنگ کا مقابلہ بڑی بڑی فرموں کی کنفکشنری سے کریں اور جو خامی نظر اسے دور کرتے جائیں اس طرح آپ بڑھیا  مال فروخت کریں گے۔

دنیا میں بڑھیا مال خریدنے اور کھانے والوں کی کمی نہیں ہے۔بڑھیا اور لذیز مال فروخت کر کے آپ زیادہ منافع کما سکتے ہیں اور تھوڑے ہی عرصے میں ترقی کر کے امیر بن جائیں گے۔

Reactions

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے